بنگلورو۔30؍ اگست(عبدالحلیم منصور/ایس او نیوز) محکمۂ انکم ٹیکس نے ایک بار پھر وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار کو نشانہ بنانے کا سلسلہ آگے بڑھادیا ہے، آج ڈی کے شیوکمار کے اقرباء میں شمار کئے جانے والے ایک کانگریس لیڈر اور کے پی سی سی سکریٹری وجئے ملگند کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، اس کے علاوہ ڈی کے شیوکمار کے پرائیویٹ سکریٹری بی ایس سریدھر اور چند کمپنیوں پر انکم ٹیکس حکام نے چھاپے مارے ۔ شہر کے راجہ جی نگر کی مل کالونی ، جئے نگر ، سبرامنیا پورہ کے علاوہ دہلی ، چنئی ، ممبئی وغیرہ میں بھی انکم ٹیکس کی الگ الگ ٹیموں نے چھاپے مارے ۔ گزشتہ ماہ شیوکمار اور ان کے افراد خانہ کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کی خبریں سرخیوں میں چھائی رہیں، بتایاجاتا ہے کہ ان چھاپوں میں محکمۂ انکم ٹیکس نے جو کچھ برآمد کیا ان کی مدد سے شیوکمار پر کارروائی کے کمزور امکان کو دیکھتے ہوئے آج ان کے مزید اقرباء کو نشانہ بنایا گیا۔ ریاست میں جب ایس ایم کرشنا وزیراعلیٰ تھے تو وجئے ملگند ، ہینڈلوم کارپوریشن کے چیرمین تھے، اور اس وقت ان کا شمار کانگریس کے طاقتور لیڈروں میں کیا جاتا تھا۔ حال ہی میں جب گجرات کے اراکین اسمبلی بنگلور کے ریسارٹ میں مقیم تھے تو ان کیلئے انتظامات میں بھی وجئے ملگند پیش پیش رہے تھے۔ وجئے ملگندکی رہائش گاہ پر گجرات کے اراکین اسمبلی کیلئے ڈی کے شیوکمار نے دعوت کا بھی اہتمام کیاتھا۔ اس دوران وجئے ملگند اور ان کے دیگر اقرباء کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ تفصیلات ملنے کے بعد اس سلسلے میں وہ اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت جس طرح سے محکمۂ انکم ٹیکس کا غلط استعمال کررہی ہے یہ چھاپے اس بات کا ثبوت ہیں۔ سیاسی حلقوں میں اس صورتحال کا بغور جائزہ لیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں وہ تمام تفصیلات سے وزیراعلیٰ سدرامیا کو آگاہ کرائیں گے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ ان کے اور ان کے اقرباء کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپوں سے مرکزی حکومت اگر یہ سوچ رہی ہے کہ اس نے میرے حوصلے توڑ دئے ہیں تو یہ اس کی خوش فہمی ہے۔
وقت آنے پر سب کا پول کھول دوں گا: شیو کمار
ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ ان کے سیاسی حریفوں اور انہیں نشانہ بنانے والوں کا کچا چٹا وقت آنے پر وہ منظر عام پر لائیں گے، آج میسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ سیاسی طاقتیں خاص طور پر بی جے پی یہ سمجھ رہی ہے کہ انہیں ہراساں کرنے سے توڑا جاسکتاہے، لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔ انکم ٹیکس کے چھاپوں یا دیگر حربوں سے ان کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ ان تمام چھاپوں کے باوجود وہ جیسے تھے ویسے ہی ہیں۔ وقت آنے پر وہ یہ بات منظر عام پر لائیں گے کہ ان چھاپوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اور کیوں انہیں نشانہ بنانے کی کوشش بارہا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی والوں کو یہ بھرم ہوچکا ہے کہ انکم ٹیکس کے چھاپوں سے خوفزدہ کرکے ڈی کے شیوکمار کو بی جے پی کا حصہ بنایا جاسکتاہے ، لیکن وہ ایسے ہزار چھاپوں سے بھی ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے ظاہر کئے گئے ردعمل کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا ردعمل اپنی جگہ درست ہے۔ گجرات کے اراکین اسمبلی کے بنگلور میں قیام کے مرحلے میں وجئے ملگند کی طرف سے کی گئی میزبانی کے متعلق انہوں نے کہاکہ ایک پارٹی کارکن ہونے کے ناطے وجئے ملگند نے اپنی ذمہ داری نبھائی ، اب ان کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس نے چھاپے مارکر مرکزی حکومت کی بدنیتی کھل کر ظاہر کردی ہے۔
ڈی کے شیوکمار کے اقرباء پر انکم ٹیکس کے چھاپے انتقامی: سدرامیا
وزیر اعلیٰ سدرامیا نے وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار کے اقرباء کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کو سیاسی بدنیتی پر مبنی قرار دیااور کہاکہ مرکزی حکومت مضبوط کانگریس قائدین کے خلاف محکمۂ انکم ٹیکس کا بے تحاشا استعمال کررہی ہے۔آج میسور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈی کے شیوکمار کے قریبی ساتھی وجئے ملگند اور ان کے پی اے سریدھر کے ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس نے جو چھاپے مارے ہیں اس کے بارے میں ابھی تفصیلات نہیں ملی ہیں ، تاہم اس سلسلے میں وہ یہی کہنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی اپنی سیاسی کمزوریوں پر پردہ پوشی کیلئے دوسری سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو نشانہ بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ بی جے پی کو اگر خوش فہمی ہوگئی ہے کہ اس طرح کے چھاپوں سے ریاست میں کانگریس کو کمزور کیا جاسکتا ہے تو وہ چاہیں گے کہ بی جے پی ہمیشہ خوش فہمی میں ہی رہے، کیونکہ بی جے پی کو اپنے بل پر انتخابات میں کامیابی کا اتنا یقین نہیں ہے،جتنا حوصلہ کانگریس کارکنوں میں ہے۔